سری نگر 21مارچ:
وسطی ضلع بڈگام اور جنوبی ضلع پلوامہ میں مشتبہ جنگجووں نے دو افراد پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مقامی نوجوان کی ہسپتال میں موت واقع ہوئی۔ پولیس ذرائع نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ پیر کی شام کو بڈگام کے گوٹپورہ علاقے میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے تجمل محی الدین راتھر پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی شہری کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال پہنچایا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اْس سے مردہ قرار دیا۔
ایک رپورٹ کے مطابق اگرچہ فائرنگ کے واقعہ کے فوراً بعد فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ادھر جنوبی ضلع پلوامہ کے گانگو علاقے میں پیر کی شام مشتبہ جنگجووں نے غیر مقامی مزدور پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اسلحہ برداروں نے پیر کی شام گانگو پلوامہ میں پارس مندن ساکن بہارنامی مزدور پر نزدیک سے گولیاں چلائیں۔انہوں نے بتایا کہ زخمی شخص کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن چلایا، لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو چکے تھے۔بتادیں کہ 19 مارچ کی شام کو بھی مشتبہ ملی ٹینٹوں نے آری ہل پلوامہ میں اْتر پردیش سے تعلق رکھنے والے غیر مقامی ترکھان پر فائرنگ کی جس وجہ سے وہ گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا۔یو این آئی