سری نگر/21،مارچ :
محکمہ سیاحت نے کشمیر میں موسم بہار کی آمد کا جشن منانے کے لئے یہاں مشہور جھیل دل کے کنارے واقع زبرون پارک میں سیاحتی میلے کا اِنعقاد کیا۔
سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے فیسٹول کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے اِس موقعہ پر کہا کہ اِس کا مقصد موسم بہار کے آغاز کو خوش آمدید کہنے اور کشمیر میں سیاحتی شعبے کو فروغ دینا ہے۔
میلے کے دوران متعدد مقامی فن کاروں کی ثقافتی پرفارمنس سمیت کئی سرگرمیاں منعقد کی گئیں لیکن میلے میں کشمیر کے مختلف اقسام کی مقامی روٹیوں اور روایتی بیکریوں کی نمائش تھی۔روٹی کی اقسام بشمول ناگم روٹی ، کندھی کلچہ، شوپیان کلچہ، راجپوری شیر مال،بارہمولہ سے باکر خوانی ، رفیع آباد / ڈنگی وچی تکتیج روٹی ، سادہ گندم کی روٹی ، مکئی ژوٹ ( مکئی کے آٹے سے بنی روٹی) ،تومولہ ژوٹ ( چاول کے آٹے کی بنی روٹی) اور گیاری ژوٹ ( چسٹ نٹ کے آٹے سے بنی روٹی) اور چرار شریف لواسہ، ژوچہ وور، گردا ، کرپ ، گیو ژوٹ، باقرخوانی کے علاوہ چائے کی مختلف اقسام جن میں نون چائے ، قہوہ ، شیر چائے، بومے چائے اور دودہ قہوہ شامل ہیں۔
سیاحوں بالخصوص جموںوکشمیر سے باہر کے سیاحوں نے روٹیوں کی پوری رینج میں گہری دِلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
میلے کے ایک حصے کے طور پر ایک شکارا ریلی جس میں خوبصورتی سے روشن کئے گئے شکاروں پر مشتمل جھیل ڈل میں نکالی گئی جس نے جھیل کو ایک تہوار کا منظر پیش کیا۔