جموں،24مارچ:
کانگریس نے جمعرات کو یہاں پٹرل، ڈیزل اور ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ درج ہونے کے خلاف احتجاج درج کیا۔
احتجاجی سرکار کے خلاف جم کر نعرہ بازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر سینئر کانگریس لیڈر رمن بھلہ نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر 137 دنوں کے بعد پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ درج ہونے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مہنگائی سے سرکار کو کافی فائدہ ہو رہا ہے لیکن غریب لوگوں کا جینا مشکل بن رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے روزگاری بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
موصوف لیڈر نے کہا کہ حد بندی کمیشن نے بھی جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئے بے روزگاری اور مہنگائی سے لوگوں کے گھروں میں چولھے جلنا مشکل ہوگیا ہے۔
کشمیر فائلز نامی فلم کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ جس کمیونٹی کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ہم اس کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن مذہب کے نام پر لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔رمن بھلہ نے کہا کہ اب زخم کریدنے کی ضرورت نہیں ہے کہ بلکہ زخموں پر مرہم لگانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس غریب عوام کی آواز کو ہمیشہ بلند کرتی رہے گی۔