سری نگر 25مارچ:
بھارتیہ جنتاپارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چھگ نے نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور کانگریس کو ہدفہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کشمیر فائلز سے اپوزیشن کا اصلی چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ فاروق عبدا للہ پاکستان کے ساتھ بات چیت کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن اس وقت مودی کی سرکار ہے لہذا اگر بات چیت ہوگی تو وہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں سے ہی ہوگی۔
اس موقع پر دویندر رانا نے کہا کہ جموں وکشمیر اب گپکار کے اشاروں پر ناچنے والا نہیں۔ان باتوں کا اظہار بھاجپا لیڈروں نے ڈوڈہ میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ مرکزی حکومتوں کی جانب سے جتنی بھی رقم جموں وکشمیر کی فلاح و بہود کے لئے واگزار کی گئی وہ نیشنل کانفرنس ، پی ڈی پی اور کانگریس نے ہڑپ کی۔انہوں نے بتایا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا نیا دور شروع ہوا کیونکہ جو پیسے مرکز سے آتے ہیں وہ سیدھے طور پر عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کئے جارہے ہیں۔۔نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبدا للہ سے مخاطب ہوتے ہوئے بی جے پی جنرل سیکریٹری نے کہاکہ این سی سرپرست پاکستان اور چین کے ساتھ بات چیت کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن میں اْن سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر بات چیت ہوگی تو وہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ ہی ہوگی۔ترن چھگ نے کہاکہ کشمیر فائلز سے اپوزیشن کا اصلی چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جموں وکشمیر کے لوگوں نے بھاجپا کے ساتھ وابستگی جتائی ہے اور اگلی سرکار بی جے پی کی ہوگی اور وزیر اعلیٰ بھی ہمارا ہی ہوگا۔اس موقع پر بی جے پی کے سینئر لیڈر دوندر رانا نے کہا کہ بھاجپا ہندو اور مسلمانوں کی علمبردار ہے۔
اْن کے مطابق حد بندی کمیشن کے ساتھ ملاقات کے دوران اْن پر واضح کیا کہ جموں صوبے کے لوگوں کا اْن کا حق ملنا چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن پارٹیاں پوری طرح سے بے نقاب ہو گئی ہے۔بی جے پی لیڈر کے مطابق جموں صوبے کے ساتھ ہمیشہ نا انصافی کی گئی لیکن اب جموں کے لوگوں کو ہر سطح پر انصاف فراہم ہوگا۔ یو این آئی