سری نگر:25،مارچ:
جموں و کشمیر وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے جمعہ کوجموں میں ریذیڈنسی روڈ پر اوقاف پالیکا بازار کمپلیکس کی عمارت کا جموں و کشمیر وقف بورڈ کے معزز ممبران سہیل کاظمی اور نواب دین کی موجودگی میں افتتاح کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ریونیو (حج و اوقاف) مظفر ملک، وقف بورڈ کے سی ای او ڈاکٹر سید ماجد جہانگیر، ایڈمنسٹریٹر مدثر اقبال، بورڈ کی انتظامیہ اور سرکردہ عوامی شخصیات بھی موجود تھیں۔اطلاعات کے مطابق اوقاف پالیکا بازار ایک کثیر المنزلہ کمپلیکس ہے جسے وقف بورڈ نے جموں شہر میں اولین مقام پر وقف اراضی پر تعمیر کیا ہے۔ اس میں تجارتی شاپنگ سینٹرز، آفس کمپلیکس، میٹنگ ہالز اور فوڈ کورٹ کی جگہیں بھی ہیں۔
افتتاح کے فوراً بعد پہلے سے منتخب شدہ الاٹیوں کو بھی قبضہ دے دیا گیا جنہیں بورڈ کی جانب سے الاٹمنٹ کے شفاف عمل کے بعد چنا گیا تھا۔ یہ ڈھانچہ بورڈ کے لیے آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ ہوگا۔
افتتاح کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ جموں میں پرائم پلیس پر اس طرح کا ایک کارآمد ڈھانچہ تعمیر کیا گیا ہے اور وہ دیکھیں گی کہ پورے یو ٹی میں مختلف اہم مقامات پر اس طرح کے مزید میگا سٹرکچر بنائے جائیں گے۔
انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر وقف کے بے پناہ اثاثے اور جائیدادیں ہیں لیکن ہمیں وقف کے انتظامی نظام کے اندر کام کرنے میں اصلاحات لانی ہوں گی تاکہ ہم آمدنی کے بڑے ذرائع پیدا کر سکیں۔ درخشاں اندرابی نے کہاکہ وقف کو لوگوں کی امنگوں کا بورڈ بنانے کے لیے جلد ہی نئے طریقہ کار اور رہنما خطوط کا مسودہ تیار کیا جائے گا اور ان پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں نے کہا کہ بہت بڑے اثاثوں اور جائیدادوں پر تجاوزات اور بدانتظامی کی گئی ہے اور بورڈ تجاوزات کو ہٹانے کے لیے فوری ایکشن روڈ میپ بنائے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ وقف کے اثاثوں اور جائیدادوں کا صحیح اور قانونی استعمال کیا جائے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر میں وقف کے انتظام کو ہموار کرنے میں نئے بورڈ کے ساتھ تعاون کریں۔بشمولات جے کے این ایس
