جموں، 28مارچ :
جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے لام علاقے میں پیر کی صبح سواریوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں 65 سالہ مسافر کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ 56 دیگر زخمی ہوئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پیر کی صبح دس بجے کے قریب لام راجوری میں مسافر بردار گاڑی گہری کھائی میں جاگری ۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس ، فوج اور مقامی لوگوں نے امدادی کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو کھائی سے باہر نکال کر نزدیکی ہسپتال پہنچایا ۔
اُنہوں نے کہاکہ بلال حسین نامی ایک مسافر ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ متعدد مسافروں کو ابتدائی مرہم پٹی کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی ۔
دریں اثنا دفاعی ترجمان نے بتایا کہ لام راجوری میں حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی فوجی یونٹ سے وابستہ اہلکاروں نے امدادی کارروائی شروع کی۔
انہوں نے کہاکہ پُر خطر راستوں کو طے کرکے فوجی اہلکاروں نے سخت محنت کے بعد زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جس وجہ سے کئی ایک زخمیوں کی جان ضائع ہونے سے بچ گئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شدید زخمیوں کو فوجی گاڑیوں کے ذریعے سب ضلع ہسپتال نوشہرا پہنچایا گیا ۔(یو این آئی)