سری نگر،30 مارچ :
جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے سُر ٹینگ رعناواری علاقے میں شبانہ تصادم آرائی کے دوران پولیس نے 2 مقامی جنگجووں کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج کے مطابق ایک مہلوک جنگجو کے قبضے سے میڈیا کا شناختی کارڈ برآمد ہوا ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ پائین شہر کے سُر ٹینگ رعناواری علاقے میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس و سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔
انہوں نے کہا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر جنگجووں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
پولیس نے مہلوک جنگجووں کی شناخت رائیس بٹ اور ہلال احمد راہ ساکنان بجبہاڑہ کے بطور کی ہے۔
رائیس احمد بٹ نے اگست 2021 جبکہ اُس کے ساتھی ہلال احمد نے اسی سال اکتوبر کے مہینے میں ملی ٹینٹ تنظیم میں شمولیت اختیار کی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹ تنظیم میں شمولیت اختیار کرنے سے قبل رائیس احمد ویلی نیوز سروس (وی این سی ) نامی ایک فیس بک پیج چلا رہا تھا۔
پولیس نے کہا کہ مارے گئے جنگجو سیکورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اورا ُنہیں پایہ تکمیل تک پہنچانے میں پیش پیش تھے جبکہ اُن کے خلاف کئی مقدمات بھی درج ہیں۔
دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے تصادم کے بارے میں بتایا کہ رعناواری سری نگر میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے منگل اور بدھ کی درمیانی رات کوجنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران حفاظتی عملے اور جنگجووں کے مابین مختصر تصادم ہوا جس دوران دو مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے۔
اُن کے مطابق ایک مہلوک جنگجو کے قبضے سے میڈیا کا شناختی کارڈ برآمد ہوا ہے جو میڈیا کے غلط استعمال کی نشاندہی کرتا ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔یو این آئی