سری نگر 29مارچ:
جموں وکشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی ) نے صدر ٹریجری سری نگر میں تعینات آڈیٹر (اکاونٹس اسسٹنٹ ) کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں دھر د بوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
اے سی بی کے مطابق راشی اکاونٹس اسسٹنٹ کے گھر کی بھی تلاشی لی گئی ہے۔اے سی بی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اینٹی کرپشن بیورو میں ایک شخص نے تحریری طورپر شکایت درج کی کہ واجب الادا رقم کی واگزاری کے لئے صدر ٹریجری سری نگر میں تعینات آڈیٹر (اکاونتس اسسٹنٹ ) سعید مجیب اندرابی اْس سے 25 سو روپیہ رشوت کا تقاضہ کا رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ شکایت موصول ہوتے ہی اے سی بی نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر 12/2022 کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق منگل کے روز اے سی بی نے ایک جال بچھایا جس دوران آڈیٹر کو سائل سے 25 سو روپیہ کی رقم لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ۔انہوں نے بتایا کہ آزاد گواہوں کی موجودگی میں رشوت کی رقم ضبط کی گئی۔
اْن کے مطابق آڈیٹرکی جامہ تلاشی کے دوران مزید ایک لاکھ 16ہزار 125روپیہ کی رقم اور سات ہزار روپیہ کی ایک چیک بھی برآمد کی گئی ہے۔بیورو نے راشی اکاونٹس اسسٹنٹ کے گھر کی بھی تلاشی لی اور وہاں سے بھی کاغذات ضبط کئے گئے ہیں۔اس سلسلے میں میں مزید تحقیقات جاری ہے۔یو این آئی