سری نگر،6 اپریل:
جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے اونتی پورہ کے ترال علاقے میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان تصادم آرائی میں دو مختلف جنگجو تنظیموں سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے۔
کشمیر زون پولیس نے اپنے ٹویٹر ہینڈل پر انسپکٹر جنرل وجے کمار کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ترال انکاؤنٹر میں انصار غزوۃ الہند نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ صفات مظفر صوفی عرف معاویہ اور لشکر طیبہ سے وابستہ عمر تیلی عرف طلحہ مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ترال منتقل ہونے سے قبل مہلوک جنگجو سری نگر میں کئی ملی ٹنسی سے متعلق جرائم میں ملوث تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہلوک جنگجو کھنموہ علاقے میں حلا ہی میں ہونے والی سمیر احمد نامی سرپنچ کی ہلاکت میں بھی ملوث تھے۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ فوج اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے اونتی پورہ کے ترال علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ (یو این آئی)