سری نگر 07 اپریل:
جموں وکشمیر کے جنوبی ضلع پلوامہ کے یادر علاقے میں مشتبہ جنگجووں نے ایک غیر مقامی ڈرائیور پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں شدید طورپر زخمی ہوا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجووں نے پلوامہ کے یادر علاقے میں ایک غیر مقامی ڈرائیور جس کی شناخت سونو شرما ولد بنارسی ساکن پٹھان کوٹ کے بطور ہوئی پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ خون میں لت پت ہو کر نیچے گر پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی ڈرائیور کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر اْس کا علاج ومعالجہ جاری ہے۔دریں اثنا سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔
بتادیں کہ یہ ضلع پلوامہ میں غیر مقامی شہریوں پر پانچواں حملہ ہے جس دوران سات غیر مقامی باشندے زخمی ہوئے۔اس سے قبل مسلح افراد نے 19 مارچ کو ترکھان محمد اکرم ساکن بجنور یو پی پر آری ہل کے نزدیک فائرنگ کی تھی جبکہ 21 مارچ کو گانگو پلوامہ میں گول گپے والے غیر مقامی شہری بسوا جیت ساکن بہار کو بھی گولی ماری گئی۔اتوار یعنی 3 اپریل شام ساڑھے سات بجے کے قریب نو پورہ لیتر پلوامہ میں جنگجو اچانک نمودار ہوئے اور انہوں نے دو غیر ریاستی شہریوں سریندر سنگھ ولد بشن سنگھ ساکن پٹھانکوٹ اور دریج دت ولد سشیل دت ساکن پٹھانکوٹ پر فائرنگ کی تھی۔
پیر کے روز یعنی 4 اپریل کو لاجورہ پلوامہ میں ملی ٹینٹوں نے دو غیر ریاستی مزدوروں پر فائرنگ کی اور انہیں شدید طورپر زخمی کیا۔چاراپریل کی شام کو ہی چھوٹی گام شوپیاں میں مشتبہ جنگجووں نے ایک کشمیری پنڈت سونو کمار بالا جی پر فائرنگ کی تھی جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اْس کو سری نگر کے فوجی ہسپتال میں بھرتی کیا گیا۔اطمینان بخش بات یہ ہے کہ ان حملوں میں کسی کی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔یو این آئی