سری نگر،8 اپریل :
وادی کشمیر میں موسم بہار میں ہی موسم گرما جیسی گرمیوں کا زورمسلسل جاری ہے جس سے کسان طبقے کے لوگوں میں گوناگوں خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں گذشتہ ماہ سے دن اور رات کا درجہ مسلسل معمول سے زیادہ درج ہو رہا ہے جس سے لوگ شدید گرمی محسوس کر رہے ہیں۔
دریں اثنا مسلسل خشک موسم اور گرمی میں ہو رہے اضافے سے کسان طبقے میں گوناگوں خدشات کو جنم دیا ہے۔۔
کسانوں کا کہنا ہے کہ وقت پر بارش کا نہ ہونا اور قبل از وقت ہی گرمی بڑھ جانا آنے والے مہینوں میں قلت آب کی نوید ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر موسم کی موجودہ صورتحال آگے بھی جا ری رہے گی تو فصلوں کو نقصان پہنچ سسکتا ہے۔
ماہرین موسمیات کا بھی ماننا ہے کہ وادی میں جاری خشک موسم اور درجہ حرارت کا معمول سے زیادہ ریکارڈ ہونے سے آنے والے مہینوں میں پانی کی قلت پیدا ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت سے کسان طقبے کو گوناگوں مشکلات سے دوچار ہو سکتے ہیں۔
وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے اعجاز احمد نامی ایک میوہ باغ مالک نے یو این آئی کو بتایا کہ اگر وقت پر بارش نہیں ہوئی اور گرمی اسی طرح معمول سے زیادہ ریکارڈ ہوتی رہی تو میوہ فصل کا نقصان ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ صرف میوہ فصل کو ہی نہیں بلکہ دوسری فصلوں خاص کر دھان کی فصل اگانے والے کسانوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔(یو این آئی)