سری نگر، 14 اپریل:
مرکزی وزیر کرن رجیجو کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں وادی کشمیر میں حالات نارمل ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ کشمیر ایک خوبصورت جگہ ہے اور یہاں پر امن و امان ہر کسی کے مفاد میں ہے ان باتوں کا اظہار موصوف نے کھنموہ میں تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا انہوں نے بتایا کہ کشمیر کے اندر خوبصورتی ہی نہیں بلکہ یہاں کا کلچر، ہینڈی کرافٹ اور دوسرے شعبے دنیا کو دکھانے کی ضرورت ہے اور اس کے لئے موجودہ مرکزی حکومت زمینی سطح پر کام کر رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سپورٹس، کھیل اور دوسرے شعبوں میں کشمیر آگے بڑھ رہا ہے اور میں یہ یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ اس کا ہر کسی کو فائدہ ملے گا۔مرکزی وزیر قانون کرن رجیجو نے مزید بتایا کہ کشمیر ایک خوبصورت جگہ ہے لہذا یہاں پر امن و امان کا قیام ہر کسی کے مفاد میں ہے۔
پچھلے کچھ ایام کے دوران پیش آئے واقعات کے بارے میں جب مرکزی وزیر سے سوال کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی ایجنسیاں اس کو دیکھ رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کچھ واقعات کو چھوڑ کر وادی کشمیر کے حالات پوری طرح سے معمول پر ہے۔موصو ف نے مزید کہا کہ کچھ واقعات رونما ہوئے جو ملک بھر میں بھی وقوع پذیر ہوتے رہتے ہیں اور اس حوالے سے سیکورٹی ایجنسیاں اپنا کام بخوبی نبھا رہی ہے۔
سیاحت کے بارے میں مرکزی وزیر نے کہا کہ وادی کشمیر کی سیاحت پورے ملک کے لئے لیڈر شپ کا رول ادا کر رہی ہے ۔
مرکزی وزیر نے دعویٰ کیا کہ جموں وکشمیر ہر شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے۔یواین آئی