سری نگر، 15 اپریل :
شمالی ضلع بارہ مولہ کے گوشہ بوگ پٹن میں جمعے کی شام کو مشتبہ جنگجووں نے ایک سرپنچ کو گولی مار کر ہلاک کردیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجووں نے جمعے کی شام کو نمازمغرب کے بعد گوشہ بوگ پٹن میں سرپنچ منظور احمد بنگرو پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ زخمی سرپنچ کو فوری طورپر نزدیکی ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اُنہیں مردہ قرار دیا۔
سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ تاہم بظاہر حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔
دریں اثنا پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گوشہ بوگ پٹن میں جمعے کی شام کو ملی ٹینٹوں نے مقامی سرپنچ (آزاد ممبر ) پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی ہے۔
وادی کشمیر میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران اور کارکنوں کی شکایت ہے کہ انہیں سیکورٹی فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ بعض کی یہ بھی شکایت ہے کہ ان کے ساتھ سیکورٹی اہلکار مامور تھے لیکن پی ڈی پی – بی جے پی اتحاد ختم ہونے کے بعد ان سے یہ سیکورٹی واپس لی گئی۔(یو این آئی )