رام پور، 15 اپریل :
مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے جمعہ کو کہا کہ عبادت گاہوں پر لاؤڈ اسپیکر کی آواز کی شدت سے متعلق آلودگی کنٹرول بورڈ کے اصولوں پر سب کو عمل کرنا چاہیے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے اقلیتوں کی وزارت کی طرف سے نمائش گراؤنڈ میں تقریباً 100 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے عظیم الشان کثیر مقصدی سدبھاونا منڈپ کا معائنہ کرتے ہوئے، مسٹر نقوی نے کہا، ’’جہاں تک مندر اور مسجد میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کا تعلق ہے، وہاں آلودگی کنٹرول بورڈ کے اپنے اصول ہیں اور ان اصولوں پر سب کو عمل کرنا چاہیے۔‘‘
سدبھاونا منڈپ کے مجوزہ نقشہ اور کام کی پیشرفت کا معائنہ کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ یہ مختلف کاموں میں لوگوں کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 100 کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سدبھاونا منڈپ سے وبائی صورتحال اور دیگر آفات کے دوران بھی لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2023 کے دوسرے اور تیسرے مہینے تک یہ کمیونٹی سنٹر مکمل طور پر تیار ہو جائے گا اور یہ لوگوں کے مختلف مقاصد کو پورا کرے گا۔(یو این آئی)