چٹان ویب ڈیسک
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک سکول میں بم دھماکوں کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہو گئے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ دھماکے منگل کی صبح کابل شہر کے نواح میں ہزارہ شیعہ آبادی کے ایک علاقے میں ہوئے ہیں۔
کابل پولیس کے ترجمان خالد زردان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ان دھماکوں میں چھ افراد ہلاک جبکہ 11 زخمی ہوئے ہیں۔‘خالد زردان کے مطابق ’کابل کے مغربی حصے میں واقع دشتِ برچی کے عبدالرحیم شہید سکول کے باہر دھماکہ خیز مواد پر مشتمل دو ڈیوائسز نصب کی گئی تھیں۔‘
یہ واقعہ منگل کو اس وقت پیش آیا جب سکول کے طلبہ اپنی صبح کی کلاسوں سے باہر نکل رہے تھے۔دھماکوں کا نشانہ بننے والے طلبہ کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم طالبان جنگجوؤں نے صحافیوں کو جائے وقوعہ پر جانے کی اجازت نہیں دی۔
واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے افغانستان کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد سے عوامی اہداف پر حملوں میں کمی دیکھی گئی لیکن انتہا پسند جہادی گروپ داعش کی ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔
طالبان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے داعش کو شکست دے دی ہے لیکن تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ داعش تاحال افغانستان کے نئے حکمرانوں کے لیے بڑا سکیورٹی چیلنج ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ برس اسی علاقے دشت برچی کے ایک سکول میں بم دھماکہ ہوا تھا جس میں 85 افراد ہلاک اور تین سو زخمی ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں سے زیادہ تر سکول کی طالبات تھیں۔