سری نگر:20، اپریل:
مشترکہ مسابقتی امتحان کےلئے جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ32 سال کی عمر کی حد سے تجاوز کرنے والے امیدواروں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ اُنھیں ”آخری موقع“دینے کیلئے عمر کی مقررہ اُوپری حد میں نرمی کی جائے ۔ ایس آراؤ130کے تحت حکومت ’J&K Combined Competative Examinationیعنی مشترکہ مسابقتی امتحان کیلئے عمر کی بالائی حد کو 37سال سے کم کر کے 32 سال کر دیا ہے۔ تاہم پچھلے امتحان کے لئے حکومت نے’ایک بار کی چھوٹ‘کے طور پر اوپری عمر کی حد کو کم کر کے 37 سال کر دیا تھا۔
مشترکہ مسابقتی امتحان میں شامل ہونے کے خواہشمند اُمیدواروں کاکہناہے کہ عمر کی بالائی حدمیں یک مشت5سال کی کمی ہمارے لئے ناانصافی ہے ،کیونکہ اب ہم عمر کی نئی حدکے تحت اس اہم امتحان میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں ۔
اُمیدواروںنے بتایاکہ ہم جانتے ہیں کہ حکومت نے عمر کی حد کو پہلے ایک بار کی چھوٹ کے طور پر نرم کیا تھا لیکن کووڈ19 کے محاذ پر صورتحال بڑی حد تک منفی رہی۔ ہم صحیح طریقے سے تیاری نہیں کر سکے اور پچھلی بار دی گئی نرمی سے فائدہ اٹھا سکے لیکن ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ہمیں ایک آخری بار مسابقتی امتحان میں حصہ لینے کی اجازت دے اور اس سے پہلے کی طرح 37سال کی عمر کی حد برقرار رکھی جائے۔انہوںنے کہاکہ حکومت وبائی امراض کی وجہ سے ہونے والی رکاوٹوں کے بارے میں آگاہ ہے اور اس حقیقت کو دیکھتے ہوئے کہ ہماری ایک فلاحی ریاست ہے، اسے عمر کی بالائی حد میں نرمی کرنی چاہیے تاکہ ہمیں پچھلے وبائی امراض سے متاثرہ ماحول کے مقابلے میں ایک بہتر ماحول میں ایک آخری موقع مل سکے۔
اُمیدواروں نے مزید کہاکہ موقع کا دروازہ جلد بند نہیں ہونا چاہیے۔بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں ایک آخری موقعہ دیاجائے ۔امیدواروں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ حکومت’انہیں مایوس نہیں کرے گی‘ اور انہیں ’پچھلی پوسٹوں سے زیادہ‘ کے لیے ’ایک آخری بار‘مقابلہ کرنے کا موقع دے گی۔
خیال رہے جے اینڈکے پبلک سروس کمیشن نے 20اپریل کوجموں وکشمیر کے ڈومیسائلزیعنی مستقل رہائشی اُمیدواروں سے جے اینڈ کے کمبائنڈ کمپیٹیو (ابتدائی) امتحان، 2022 میں جونیئر سکیل جے اینڈ کے ایڈمنسٹریٹو سروس، جے اینڈ کے پولیس سروس اور جے اینڈ کے اکاونٹس سروس کی 220 آسامیوں کےلئے درخواستیں طلب کیں۔
جے اینڈکے پبلک سروس کمیشن نوٹیفکیشن کے مطابق، آن لائن موڈ کے ذریعے درخواستیں’درخواست دہندگان‘ سے مدعو کی گئی ہیں، جو جموں اور کشمیر کے مرکزی علاقے میں مقیم ہیں، جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے23 فروری 2018 کے ایس آراؤ103 اورایس اؤ 61بتاریخ 23فروری 2021کے تحت مقرر کردہ قواعد کے مطابق امتحان میں شرکت کےلئے اور تازہ ترین جے اینڈ کے پبلک سروس کمیشن (کنڈکٹ آف ایگزامینیشن) رولز کے ذریعے جاری کیا گیا ہے۔مطلوبہ فیس (صرف آن لائن موڈ) کے ساتھ ہر لحاظ سے مکمل آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 مئی 2022 ہے۔ابتدائی امتحان (2 سیشنوں میں) کی عارضی تاریخ26 جون ہے جبکہ مین امتحان کے آغاز کی عارضی تاریخ 28 اکتوبر ہے۔جے کے این ایس