سری نگر،21اپریل :
شمالی کشمیر کے ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے مابین جاری تصادم آرائی میں مزید2جنگجوئوں مارے گئے ہیں جبکہ ایک پولیس اہلکار سمیت 5جوان زخمی بھی ہوئے ہیں۔جبکہ آپریشن ہنوز جاری ہے۔اس سے پہلےاس تصادم میں ابتدائی گولیوں کے تبادلے میں 3 فوجی اور ایک عام شہری زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ بارہمولہ انکاؤنٹر میں لشکر طیبہ کا ایک جنگجو مارا گیا جبکہ آپریشن ابھی جاری ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہلوک جنگجو کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود کے علاوہ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔
قبل ازیں پولیس ذرائع نے بتایا کہ شمالی ضلع بارہ مولہ کے مالوا علاقے میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے جمعرات علی الصبح اس علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند گولیاں برسا کر فرار ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے اُنہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
مذکورہ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔(یو این آئی)