سری نگر 22 اپریل:
جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے مضافاتی علاقے نوگام میں جمعے کی شام کو مشتبہ جنگجووں نے دو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے وہ شدید طورپر زخمی ہوئے اور اْنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ نوگام سری نگرکے ستھسو کلان علاقے میںملی ٹینٹوں نے دو غیر مقامی مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوئے اور اُنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ا نہوں نے کہاکہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ موصوف ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے اس واقعے میں زخمی ہوئے غیر مقامی مزدوروں کی شناخت نجم السلام اور انکل السلام ساکنان مغربی بنگال کے بطور ہوئی ہے۔
اُن کے مطابق ملی ٹینسی کا یہ واقع کیسے اور کن حالت میں وقوع پذیر ہوا اس کی بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔دریں اثنا صدر ہسپتال میں تعینات ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے دو زخمیوں کو ہسپتال میں بھرتی کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔یو این آئی
