جموں، 24 اپریل :
جموں و کشمیر کے جموں ضلع کے لالیاں گاؤں کے ایک میدان میں اتوار کی علی الصبح ایک پراسرار دھماکہ ہوا، جو کہ سانبہ ضلع کے پلی گاؤں میں اس مقام سے صرف 12 کلومیٹر دور ہے جہاں وزیر اعظم نریندر مودی آج ایک ریلی سے خطاب کر نے والےہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ بشناہ کے لالیاں گاؤں کے قریب صبح تقریباً 4:25 بجے ایک زوردار آواز سنی گئی، جس کے بعد مقامی باشندوں میں دہشت پھیل گئی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیم دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ معاملے کی تحقیقات کے لیے موقع پر پہنچ گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک کھلے میدان میں ہوا۔
انہوں نے کہا ’’جموں کے بشناہ میں لالیاں گاؤں کے رہائشیوں نے ایک کھلے میدان میں مشتبہ دھماکے کی اطلاع دی تھی۔ ہمیں شبہ ہے کہ یہاں آسمانی بجلی گری ہے یا کوئی شہاب ثاقب ٹکرا یا ہے۔ پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے‘‘۔
وزیر اعظم کی ریلی سے دو دن قبل جمعہ کی صبح جموں کے سنجوان میں ایک تصادم میں جیش محمد تنظیم کے دو دہشت گرد مارے گئے، جبکہ سی آئی ایس ایف کا ایک اے ایس آئی شہید اور 11 سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔(یو این آئی)