سری نگر،29 اپریل:
وادی کشمیر میں دوران شب موسلا دھار بارشوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے بارشوں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مطلع مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران وادی میں ہلکے درجے کی بارشیں متوقع ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وادی میں اس کے بعد موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے تاہم 3 سے 5 مئی تک ایک بار پھر موسم خراب ہوسکتا ہے جس دوران بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
وادی میں دوران شب موسلا دھار بارشوں کے باوجود بھی سیاحتی مقام گلمرگ کو چھوڑ کر شبانہ درجہ حرارت معمول سے زیادہ ہی ریکارڈ کیا گیا۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران10.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت12.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے3.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ 36.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.2 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔
وادی کے دوسرے سیاحتی مقام پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران11.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔ (یو این آئی)