سرینگر،05مئی:
جموں و کشمیر میں حدبندی کے متعلق رپورٹ کمیشن کی جانب سے آج پیش کئے جانے کی اُمید ہے۔گزشتہ ماہ کمیشن کے ارکان نے ان لوگوں سے ملاقاتیں کیں تھی جنہوں نے اس مسودہ پر اعتراض کیا تھا، اور اپنی تجاویز پیش کی تھیں، بتایا جارہا ہے کہ بعض حلقوں کے ناموں اور علاقوں میں تبدیلی کی جاسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق، اننت ناگ-راجوری حلقے کے حوالے سے کشمیر کی کئی سیاسی جماعتوں نے تبدیلی کا مطالبہ کیا تھا، تاہم ایسا لگ رہا ہے سیاسی جماعتوں کے مطالبہ پر توجہ نہیں دی گئی ہے، شیڈیول ٹرائب کے لیے سیٹیں ریزرو کرنے کے فیصلے میں بھی کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ جموں ڈویژن میں چھ اسمبلی سیٹیں اور کشمیر ڈویژن میں تین شیڈیول ٹرائب کے لیے ریزرو ہونگی اور اس کے علاوہ جموں ڈویژن میں شیڈیول کاسٹ کے لیے سات نشستیں مخصوص ہوں گی۔””پینل گلمرگ، بارہمولہ، بانڈی پورہ اور سرینگر کچھ تحصیلوں اور علاقوں میں تبدیلی کے مطالبات کو تسلیم کیا جاسکتا ہے۔ سیٹوں کے ناموں کی تبدیلی پر 4-5 اپریل کو مسودہ پر اعتراض کرنے والے افراد کے تجاویز کو تسلیم کئے جانے کا امکان ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ”ٹنگمرگ حلقہ، جیسا کہ پہلے ڈرافٹ میں شائع کیا گیا تھا کا نام گلمرگ، زونیمار کو زادبل، کٹھوعہ شمالی کا نام جسروٹا رکھا جا سکتا ہے، جب کہ مہورے کو گلبرگہ کا نام دیا جا سکتا ہے۔”اپنے دوسرے مسودے میں، پینل نے تمام 90 اسمبلی حلقوں کو دوبارہ ترتیب دیا تھا، 28 نئی نشستوں کے نام تبدیل کیے تھے، اس کے علاوہ آخری حدبندی کی فہرست سے 19 سیٹوں کو دوبارہ ترتیب دیا گیا تھا یا حذف کیا گیا تھا۔جموں ڈویژن کے مسودے میں کٹھوعہ، سانبہ، راجوری، ڈوڈہ، ادھمپور اور کشتواڑ اضلاع میں چھ نئی اسمبلی سیٹیں تجویز کی گئی تھی۔ پینل نے شری ماتا ویشنو دیوی کے طور پر ایک حلقہ کا تجویز کیا ہے، جس میں کٹرا اور ریاسی کے کچھ حصے شامل ہیں۔ کشمیر ڈویژن میں، سرحدی ضلع کپواڑہ میں ترہگام نامی ایک اسمبلی حلقہ کو تجویز کیا گیا ہے۔
پارلیمانی نشستوں کی حدود بھی از سر نو ترتیب دی گئی ہیں۔جموں پونچھ اور ادھم پور اور ڈوڈہ کو دوبارہ ترتیب دیا گیا ہے اور پورا پونچھ اور راجوری کے کچھ حصوں جو جموں ڈویژن میں آتا تھا انہیں اننت ناگ پارلیمانی حلقہ میں شامل کیا گیا ہے۔ اننت ناگ پارلیمانی حلقہ پہلے کشمیر ڈویژن میں آتا تھا۔
کشمیر میں لوک سبھا کی سیٹیں اب جنوبی حصے میں اننت ناگ-راجوری ہوں گی ،اور وسطی کشمیر میں سرینگر لوک سبھا سیٹ۔ سرینگر سیٹ میں پہلے تین اضلاع کے بجائے اب پانچ اضلاع شامل ہوں گے۔ شمالی کشمیر کی لوک سبھا سیٹ میں وسطی کشمیر کے کچھ حصے بھی شامل ہوں گے۔