سری نگر،06مئی:
جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی ضلع اننت ناگ کے کوکر ناگ علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران ایک سرگرم جنگجو کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد 19آر آر اور پولیس نے جمعرات کے روز کوکر ناگ کے ساگم علاقے کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران ایک سرگرم جنگجو جس کی شناخت محمد اشفاق شیر گوجری ساکن نوگام ویری ناگ کے بطور ہوئی ہے کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔
اُن کے مطابق گرفتار جنگجو کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار جنگجو 15ستمبر 2017 سے ضلع اننت ناگ میں سرگرم تھا اور وہ متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث رہا ہے۔یو این آئی