نئی دہلی، 17 مئی:
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو یہاں ایک میٹنگ میں جموں و کشمیر میں امرناتھ یاترا کے دوران سیکورٹی انتظامات، سفری تیاریوں اور ریاست میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا ذرائع کے مطابق میٹنگ میں کشمیر پنڈتوں کو نشانہ بنانے والے حالیہ حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا مسٹر شاہ کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں مرکز کے زیر انتظام علاقے کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا اور سکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔
قابل ذکر ہے کہ امرناتھ یاترا جو کہ کورونا کی وجہ سے پچھلے دو سالوں سے مسلسل ملتوی ہے، 30 جون سے شروع ہو رہی ہے۔ ملاقات میں موسم، مواصلاتی نظام، یاترا کے روٹ پر سکیورٹی ، زائرین کے لیے صحت کی سہولیات اور دیگر ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یاترا سے متعلق ضروری معلومات لینے کے بعد مسٹر شاہ نے سبھی سے تیاریوں کو مضبوط بنانے اور حفاظتی انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کو کہا ہے۔
سکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے وزیر داخلہ کو ریاست کی صورتحال کے بارے میں حقائق اور اصل صورتحال سے آگاہ کیا۔
جموں و کشمیر میں گزشتہ چند ہفتوں میں دہشت گردوں نے مختلف مقامات پر حملے کیے ہیں جن میں کچھ لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ حال ہی میں کشمیری پنڈتوں کو نشانہ بناکر بھی حملے کئے گئے ہیں۔ کشمیری پنڈت برادری نے اس کے خلاف احتجاج کیا ہے اور برادری کے ایک وفد نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات بھی کی ہے۔ (یو این آئی)