نئی دہلی، 19 مئی :
ملک میں پہلے ہی مہنگائی کا سامنا کر رہے لوگوں کو ایک اور جھٹکا دیتے ہوئے جمعرات کو گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں 3.50 روپے فی سلنڈر اور تجارتی سلنڈر کی قیمت میں 8 روپے فی سلنڈر کا اضافہ کیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کے بعد اب ملک کے تمام بڑے شہروں میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں 1000 روپے سے تجاوز کر جائیں گی۔
قیمتوں میں یہ نظرثانی آج سے ہی نافذ ہو جائے گی۔
14.2 کلو گرام کے بغیر سبسڈی والے سلنڈر کی قیمت اب نئی دہلی میں 1003.00 روپے، کولکاتہ میں 1029.00 روپے، ممبئی میں 1002.50 روپے اور چنئی میں 1018.50 روپے ہوگی۔
یہ اس ماہ دوسری بار ہے جب گھریلو سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل 7 مئی کو 50 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
گھریلو سلنڈر کے ساتھ کمرشل سلنڈر کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ان میں آٹھ روپے تک بڑھا دیے گئے ہیں۔
اب 19 کلو کے سلنڈر کی قیمت دہلی میں 2,354 روپے، کولکاتہ میں 2,454 روپے، ممبئی میں 2,306 روپے اور چنئی میں 2,507 روپے ہوگی۔
کمرشل سلنڈروں میں یہ تیسری ترمیم ہے۔ اس سے قبل 7 مئی کو سلنڈر کی قیمتوں میں 10 روپے تک کی کمی کی گئی تھی۔
تاہم پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔(یو این آئی)