جموں،19 مئی :
سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں پولیس، فوج اور سراغ رساں ایجنسیوں سے وابستہ آفیسران نے سیکورٹی انتظامات کا ایک علیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
جموں میں قائم دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل دیوندر آنند نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہاکہ جنرل آفیسر کمانڈنگ وائٹ کارپس لیفٹیننٹ جنرل منجندر سنگھ، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ اور سراغ رساں ایجنسی سے وابستہ آفیسران نے نگروٹہ جموں میں سالانہ امر ناتھ جی یاترا کے سلسلے میں اُٹھائے جارہے اقدامات کا بھر پور جائزہ لیا۔
ترجمان نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران آفیسران نے پولیس، سیکورٹی فورسز اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ یاترا کے دوران باہمی تال میل کو بنائے رکھیں۔ سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے اور یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی خاطر تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی بھی تلقین کی گئی۔
انہوں نے متعلقہ افسران سے تاکید کہ وہ یاترا کے دوران قریبی تعلقات برقرار رکھیں تاکہ پرامن یاترا کو مکمل طورپر یقینی بنایا جاسکے ۔جی او سی نے آفیسران کو بتایا کہ یاترا کے دوران لوگوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لئے بھی ضروری اقدامات اُٹھائے جائیں۔
میٹنگ کے دوران جی او سی اور اے ڈی جی پی جموں نے مختلف اداروں کی جانب سے یاتریوں کی سہولیات کیلئے اٹھائے جارہے اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔
اے ڈی جی پی جموں نے اس موقع پر کہا کہ سالانہ امر ناتھ یاترا پر امن طور پر پایہ تکمیل کو پہنچے اس کے لئے سیکورٹی فورسز کی جانب سے کسی قسم کا کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔