سری نگر/سیکرٹری منصوبہ بندی و شہری ہوا بازی اعجاز اسد نے سری نگر اور بڈگام اَضلاع میں ورلڈ بینک کے فنڈز کے تحت جاری جہلم اور توی فلڈ ریکوری منصوبوں کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے دورے کے دوران سری نگر میں بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ اور بڈگام میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں اِضافی بلاک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
سیکرٹری موصوف نے بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزلہ میں 120 بستروں پر مشتمل سپیشلائزڈ آرتھوپیڈک یونٹ (ایڈیشنل ہسپتال بلاک) کی تعمیر کا معائینہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ معیار کے پیرامیٹروں پر توجہ دیں تاکہ بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔
اعجاز اسد نے عمارت کی تکنیکی خصوصیات کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے متعلقہ اِنجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ مؤثر عمل آوری کے لئے تکنیکی اور معیار کے پیرامیٹروں پر باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔
سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ یہ عمارت 120 بستروں کی گنجائش اور تکنیکی طور پر جدید ماڈیولر آپریشن تھیٹر کے علاوہ پری آپریٹیو اور پوسٹ آپریٹیو یونٹوں کے ساتھ جی پلس فور ڈھانچہ ہوگی جس سے آرتھوپیڈک نگہداشت کے لئے وادی کے سب سے بڑے مرکز کے بنیادی ڈھانچے کوکافی حد تک بڑھا دے گی۔
اِس بلاک میں نیومیٹک ٹیوب سسٹم بھی ہوگا جو جموں و کشمیر کے ہسپتالوں میں اَپنی نوعیت کا پہلا نظام ہوگا جس میں خون کے نمونے، ٹیسٹ رِپورٹوں سمیت مختلف طبی اشیأ کی ایک منزل سے دوسری منزل تک بغیر کسی رُکاوٹ کے نقل و حمل کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ نظام ان اشیأکی فراہمی میں اِنسانی مداخلت کو کم کرے گا جیسے ایک منزل سے بھیجے گئے خون کے نمونے بغیر کسی پریشانی کے براہ راست اَپنی منزل تک پہنچ جائیں گے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ اہم منصوبہ جے ٹی ایف آر پی کے جزو ’’ کریٹیکل انفراسٹرکچر‘‘ کے تحت شروع کیا گیا ہے جس کی فنڈنگ عالمی بینک کر رہا ہے۔
سیکرٹری موصوف اومپورہ بڈگام میں ایمرجنسی آپریشن سینٹر (اِی او سی) اور سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن کنٹرول بلڈنگ پروجیکٹ پر کام کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
اِی او سی تمام جدید ترین ٹیکنالوجیوں ،قدرتی آفات کی پیشین گوئی اور کسی بھی قدرتی آفت کی صورت میں امدادی کارروائیوں کو مربوط کرنے کے لئے دُنیا بھر میں اِستعمال ہونے والے سافٹ ویئرسے لیس ہوگا۔
اِس کے علاوہ سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن سینٹر کی عمارت سری نگر شہر میں ڈِی واٹرنگ پمپنگ سٹیشنوں کے لئے مرکزی کنٹرول روم ہوگی تاکہ شہر کے تمام پمپ سٹیشنوں کو سائنسی طور پر کنٹرول اور انتظام کیا جا سکے جس سے آئی ٹی فعال خدمات کا اِستعمال کیا جا سکے۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسیوںکو ہدایت دی کہ وہ منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز کریں اور سائٹ پر مزید اَفراد قوت اور مشینری کو متحرک کریں تاکہ مقررہ مدت میں کام مکمل کیاجائے۔اِس سے قبل سیکرٹری موصوف نے بمنہ کی سرکاری وولن ملز کا دورہ کیا اور وہاں عالمی بینک کے تعاون سے جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لیا۔