سری نگر،20 مئی:
جموں وکشمیر کے گرمائی دارلخلافہ سری نگر کے گپکار میں واقع زیشتہ دیوی مندر پر جمعے کے روز کشمیری پنڈتوں نے حاضری دی اور وہاں امن و امان کی خاطر خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کیا۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ دو سال کے وقفے کے بعد گپکار میں واقع زیشتہ دیوی کی یوم پیدائش منانے کی خاطر کشمیری پنڈتوں اور سیاحوں نے مندر پر حاضری دی اور وہاں پر پوجا کی۔
زیشتہ دیوی مندر جموں وکشمیر کے دارلخلافہ سری نگر کے گپکار روڑ پر زیٹھ یار میں زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع ہے اور اس کے چاروں طرف خوبصور ت اور دلکش نظارے ہے جو یہاں آنے والے زائرین کو سکون فراہم کرتے ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ زائرین ہر سال زیشتہ ماتا کے مندر پر حاضری دیتے ہیں اور وہاں پر خصوصی پوجا کا اہتمام ہوتا ہے تاہم گزشتہ دو سالوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث یہاں پر کوئی تقریب منعقد نہیں ہوئی۔
اس موقع پر ایک کشمیری پنڈت روشن لال نے بتایا کہ پوری دنیا سے ہر سال یہاں پر کشمیری پنڈت اور سیاح آتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دو سال کے بعد اس مندر میں ہون کا اہتمام ہوا جس میں کشمیری پنڈتون اور سیاحو ں نے شرکت کی۔
اُن کے مطابق مندر میں امن و امان کی خاطر خصوصی دعاﺅں کا بھی اہتمام ہوا ۔