جموں، 21 مئی:
کانگریس کے سینئر لیڈرغلام نبی آزاد کا کہنا ہے کہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ کو پارٹی نے پہلے ہی مسترد کیا ہے کیونکہ یہ ایک مخصوص پارٹی کو فائدہ پہنچانے کی خاطر ہی تیار کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمیں نفرت کی دیواروں کو توڑنے کی سعی کرنی چاہئے ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا.
انہوں نے کہاکہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ دراصل کس کو فائدہ، کس کو نقصان پہنچانے کی خاطر ہی ترتیب دی گئی ہے۔اُن کے مطابق کمیشن کی فائنل رپورٹ ”ٹیلر میڈ “ ہے یعنی یہ ایک مخصوص پارٹی کو فائدہ پہنچانے کی خاطر ہی تیار کی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ کانگریس نے پہلے ہی حد بندی کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کیا کیونکہ یہ لوگوں کے توقعات کے برعکس ہے ۔
کشمیری پنڈتوں کو سیکورٹی فراہم کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہاکہ پنڈتوں کو سیکورٹی فراہم کی جانی چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ جتنے بھی لوگوں چاہئے وہ کشمیری پنڈت ہو، مسلم ہو یا پھر کسی دوسرے فرقے سے تعلق رکھتے ہو اگر اُنہیں سیکورٹی کی ضرورت ہے تو اس میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے۔
غلام نبی آزاد نے کہاکہ ملی ٹینسی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر سبھی کو آگے آنا چاہئے ۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ سیاحت کو نارملسی سے نہیں جوڑا جانا چاہئے ۔اُن کے مطابق وادی کے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے کی خاطر سیاحوں کا یہاں پر آنا کوئی نئی بات نہیں ہے ۔جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے لاوڈ سپیکروں پر پابندی عائد کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں غلام نبی آزاد نے کہاکہ مذہب سے اوپر کوئی نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہندو ہر صبح مندر میں گھنٹی بجاتے ہیں اور مسلم آزان دیتے ہیں یہی تو بھائی چارے کی ایک علامت ہے ۔مسٹر آزاد نے کہاکہ ہمیں نفرت کے دیواروں کو توڑنے کی سعی کرنی چاہئے۔(یو این آئی)