چٹان ویب مانیٹرینگ
فرانس میں جاری جگمگاتے کانز فلم فیسٹیول کے چوتھے روز اس وقت چیخ و پکار سنی گئی جب ایک نیم برہنہ خاتون جسم پر یوکرین کا جھنڈا پینٹ کروائے ایونٹ میں گھس آئیں۔
اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق جارج مِلر کی نئی فلم کی کاسٹ کا تعارف کرائے جانے کے بعد جیسے انہوں نے ریڈ کارپٹ پر واک شروع کی اور کیمرے حرکت میں آئے اسی لمحے سب کو گڑ بڑ کا احساس ہوا اور پھر یکدم ایک نعرے کی سی چیخ سنائی دی، جس کے بعد بھگدڑ مچ گئی۔
ایونٹ میں گھسنے والی خاتون مختلف قسم کے نعرے لگا رہی تھی، انہوں نے اپنے جسم پر یوکرین کے جھنڈے کے رنگ پینٹ کر رکھے تھے جبکہ ساتھ یہ بھی تحریر کیا گیا تھا کہ ’ہمارا ریپ بند کرو۔‘
خاتون کو روکنے کی بہت کوشش کی گئی تاہم وہ چیختی رہیں، اس دوران واقعے کی ویڈیوز بھی بنیں جو اس وقت سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں۔
جلد ہی سکیورٹی حرکت میں آ گئی اور خاتون کو پکڑ کر باہر نکال دیا گیا۔اس فیسٹیول میں یوکرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے روسیوں کو شرکت سے روک دیا گیا تھا جبکہ منگل کو یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے حیرت انگیز طور پر ایونٹ سے خطاب بھی کیا تھا۔
خاتون کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ روسی فوجیوں کی جانب سے یوکرینی خواتین کے ریپ کے خلاف احتجاج کر رہی تھیں۔
جب سے روس نے یوکرین پر حملہ کیا ہے تب سے روسی فوجیوں پر یوکرینی خواتین کے ریپ کے الزامات لگ رہے ہیں۔فیسٹیول میں گھسنے والی خاتون کی شناخت کے بارے میں مزید کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکیں۔