سری نگر،21 مئی:
آرمی چیف جنرل منوج پانڈے ہفتے کے روز کشمیر کے دو روزہ دورے پر سری نگر پہنچے اور بادامی باغ فوجی چھاونی میں فوج کے سینئر آفیسران کے ساتھ ملاقات کی۔ذرائع نے بتایا کہ اپنے دو روزہ دورے کے دوران فوجی سربراہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے حوالے سے کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ جنرل منوج پانڈے جموں وکشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا بھی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے جس دوران اْنہیں کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ سری نگر میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فوجی چیف کشمیر کی صورتحال کے بارے میں مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو اس بارے میں مکمل جانکاری فراہم کریں گے۔ذرائع کے مطابق فوجی سربراہ اگلی چوکیوں پر جا کر وہاں پر بھی فوجی آفیسران کے ساتھ لائن آف کنٹرول کی صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کریں گے۔
واضح رہے کہ فوجی چیف جنرل منوج پانڈے کا وادی کا دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ حالیہ ٹارگیٹ کلنگ کے بعد اپوزیشن پارٹیوں نے مرکزی حکومت کو جموں وکشمیر کے حالات کو لے کر ہدفہ تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔یاد رہے کہ جنرل منوج پانڈے نے 30 اپریل 2022 کو آرمی کے 29 ویں سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ یو این آئی