سری نگر،2 جون:
جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے آرہ موہن پورہ علاقے میں جمعرات کی صبح مشتبہ جنگجوؤں نےراجستھان سے تعلق رکھنے والے ایک بینک منیجر کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے آرہ علاقے میں جمعرات کی صبح جنگجوؤں نے علاقائی دیہاتی بینک کے ایک برانچ منیجر پر گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ زخمی بینک منیجر کو نازک حالت میں ضلع ہسپتال کولگام پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔
متوفی منجیر کی شناخت وجے کمار ساکن ہنو مان گڑھ راجستھان کے بطور ہوئی ہے۔
دریں اثنا واقعہ رونما ہونے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
بتادیں کہ یہ واقعہ اسی ضلعے میں سانبہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ٹیچر کی ہلاکت کے دو روز بعد پیش آیا ہے۔
بدھ کی شام شوپیاں کے چڈ رن کیگام علاقے میں مشتبہ جنگجوؤں نے فاروق احمد نامی ایک شخص کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔