سری گنگا نگر، 03 جون :
جموں و کشمیر کے کلگام میں دہشت گردانہ حملے میں جان گنوانے والے بینک منیجر وجے بینیوال کی آج صبح ان کے آبائی گاؤں بھگوان میں آخری رسومات ادا کی گئیں۔
ہنومان گڑھ ضلع کے نوہر تحصیل علاقے کے بھگوان گاؤں میں صبح ان کی آخری رسومات ادا کی گئیں۔ آخری رسومات ادا کرنے کے لیے گاؤں اور آس پاس کے بہت سے دیہاتوں سے بڑی تعداد میں لوگ آئے اور انھیں آخری وداع کیا۔ اس دوران پولیس اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔ کچھ عوامی نمائندوں نے بھی مسٹر بینیوال کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس سے پہلے جمعرات کی دیر شام جیسے ہی ان کی اہلیہ منوج کماری اور ساتھی بینک ملازم وجے بینیوال کی لاش لے کر گاؤں پہنچے تو لوگوں کی آنکھیں نم ہوگئیں۔ وجے کے والد اوم پرکاش، ماں، بھائی انیل وغیرہ کے اہل خانہ لاش سے لپٹ کر رونے لگے۔
وجے کی شادی گزشتہ 10 فروری کو ہنومان گڑھ ضلع کے پکا سہارن گاؤں کی منوج کماری سے ہوئی تھی۔
وجے کے والد اوم پرکاش نے کہا ہے کہ حکومت جموں و کشمیر میں ٹارگٹ کلنگ کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے تاکہ کسی دوسرے خاندان کو اس مصیبت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
