نئی دہلی، 27 جولائی :
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے بدھ کے روز مہنگائی کے مسئلہ پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان میں ہنگامہ کر رہے حزب اختلاف کے ارکان کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی غیر مہذب ہے۔ ایوان قواعد کے تحت چلتا ہے اور ارکان کو ان اصولوں کی پابندی کرنی چاہیے۔
بدھ کے روز ایوان میں ہنگامہ آرائی کے باعث وقفہ سوالات کی کاروائی نہیں چل سکی۔ اجلاس شروع ہوتے ہی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان ویل میں آگئے اور ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ اسپیکر کے بار بار کہنے کے باوجود اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر واپس نہیں گئے اور نعرے بازی کرتے رہے۔
اراکین کے طرز عمل سے ناراض اسپیکر برلا نے کہا کہ یہ صورتحال جمہوریت کے لیے اچھی علامت نہیں ہے۔ ایوان کے قواعد و ضوابط ممبران نے ہی بنائی ہیں۔ رولز میں لکھا ہے کہ ممبران ویل میں تختیاں لے کر نہ آئیں۔
انہوں نے کہا کہ ممبران اپنے ہی بنائے ہوئے قواعد پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔ برلا نے ارکان کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ نہیں مانیں گے ،تو انہیں قواعد پر عمل کرانا پڑے گا۔لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے بحث کریں۔ وقفہ سوالات کے دوران حکومت کی جوابدہی طے کریں۔ عوامی نمائندے کے طور پر اراکین کے ہنگامے کا کوئی جواز نہیں۔اس کے ساتھ ہی پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہا کہ حکومت ہر موضوع پر بحث کے لیے تیار ہے۔
