سری نگر:21، اگست:
سری نگر میونسپل کارپوریشن نے پانچ آفیسران کو معطل کرنے کے احکامات صادر کئے ہیں۔اس دوران مکمل تحقیقات کے لئے جوائنٹ کمشنر سعید عبدل قیوم کو تحقیقاتی آفیسر مقرر کیا گیا۔کے این ایس کے مطابق ایس ایم سی کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامے کے مطابق وارڈ آفیسر الیاس احمد شیخ، جونیئر بلڈنگ آفیسر نثار احمد میر، انچارج وارڈ آفیسر نگہت آرا،بلڈنگ انسپکٹر حفیظ اللہ پرے اور سینئر بلڈنگ انسپکٹر نگہت جان کو معطل کیا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ معطل شدہ آفیسران الیاس احمد شیخ ، نثار احمد میر اور نگہت جان نامی آفیسران کی تحقیقات کے لئے جوائنٹ کمشنر سعید عبدل قیوم کو تحقیقاتی آفیسر مقرر کیا گیا۔اسی طرح نگہت آرا اور حفیظ اللہ پرے کی تحقیقات کے لئے انسپکٹر سپر انٹنڈنٹ انجینئر کو تحقیقاتی آفیسران تعینات کیا گیا ہے۔آرڈر میں لکھا گیا ہے کہ تحقیقاتی آفیسران وقت مقررہ کے اندرا ندر متعلقہ دفتر میں اپنی رپورٹ پیش کرئے۔
سری نگر میونسپل کارپوریشن کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ڈیوٹیوں کے دوران غفلت برتنے یا پھر رشوت خوری کو کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ راشی آفیسران کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا اور اگر تحقیقات کے دوران معطل شدہ آفیسران کو غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو اْن کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
