ٹیکساس (امریکہ)،26 اگست:
امریکہ میں ہندوستانی نژاد خواتین پر نسلی حملے کا شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے۔ ایک امریکن- میکسیکن خاتون نے ٹیکساس میں سڑک پر چل رہی چار ہندوستانی نژاد خواتین کے ساتھ نہ صرف بدسلوکی کی، بلکہ مار پیٹ کرنے کے بعد انہیں بندوق سے اڑا دینے کی دھمکی بھی دی۔ واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ملزمہ خاتون ایسمیرالڈا اپٹن کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
یہ واقعہ بدھ کی رات پیش آیا۔ ٹیکساس کے شہر ڈلاس میں یہ ہندوستانی نژاد خواتین ایک ہوٹل میں رات کا کھانا کھانے کے بعد پارکنگ کی طرف جا رہی تھیں۔ تبھی اچانک وہاں ایسمیرالڈا اپٹن پہنچ گئی۔ اس نے ہندوستانی خواتین کے ساتھ بدکلامی شروع کر دی۔ اس نے کہا- آئی ہیٹ یو انڈینس، گو بیک۔
ایسمیرالڈا اپٹن نے کہا کہ وہ ہندوستانیوں سے نفرت کرتی ہیں۔ تمام ہندوستانی اچھی زندگی کی تلاش میں امریکہ آتے ہیں۔ اس دوران وہ مسلسل ہندوستانی نژاد خواتین کو گالیاں دیتی رہی۔ ملزمہ خاتون کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ میں پیدا ہوئی ہے لیکن وہ جہاں بھی جاتی ہے اسے ہر جگہ بھارتی ہی نظر آتے ہیں۔ اگر ہندوستان میں زندگی اچھی ہے، تو آپ یہاں کیوں آتے ہیں؟
اس واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے ایک شخص نے لکھا – ’’میری ماں اور ان کی تین دوست ڈلاس میں کھانے کے لیے گئی تھیں۔ وہ واپس پارکنگ کی طرف جا رہی تھیں۔ تبھی وہاں ایک میکسیکن امریکن خاتون آگئی۔
اس نے ان چاروں کے خلاف نسلی تبصرے کرتے ہوئے ان کے ساتھ بدسلوکی شروع کردی۔ میری ماں اس سے التجا کرتی رہیں کہ ایسی باتیں نہ کریں۔ اس کی بدتمیزی کو بڑھتا دیکھ کر میری ماں نے اس کا ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کر دیا۔ یہ دیکھ کر خاتون غصے میں آگئی اور اس نے ان کی ماں اور ان کے دوستوں کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی۔
ٹیکساس پولیس کے مطابق میکسیکن امریکن خاتون کی شناخت ایسمیرالڈا اپٹن کی شکل میں ہوئی ہے۔ پلانو شہر کی پولیس نے ایسمیرالڈا اپٹن کو جمعرات دوپہر گرفتار کر لیا ہے۔ اس کے خلاف نسلی حملے اور دہشت گردی حملے کی دھمکی دینے کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ 10 ہزار امریکی ڈالر کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پلانو اور ڈلاس کے درمیان فاصلہ 31 کلومیٹر ہے۔ اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد امریکہ میں مقیم ہندوستانی نژاد امریکی کمیونٹی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔