جموں، 26 اگست :
بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت کے بعد دیویندر سنگھ رانا کو اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ پارٹی ہائی کمان نے انہیں ہماچل پردیش کا انتخابی شریک انچارج بنایا ہے۔
واضح ہو کہ دیویندر رانا ایک سال قبل نیشنل کانفرنس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہو گئے تھے۔ وہ وزیراعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر کے چھوٹے بھائی ہیں۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد ریاست سے باہر انہیں یہ پہلی اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر سرجیت سنگھ سلاتھیا سمیت کئی لیڈران بھی ان کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ رانا کو نیشنل کانفرنس میں انہیں جموں ڈویژن کے سربراہ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ یہی نہیں جب جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کی حکومت تھی، رانا اس وقت کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کے مشیر ہوا کرتے تھے۔ مودی لہر کے دوران انہوں نے نگروٹہ اسمبلی سیٹ بھی جیتی تھی۔ اہم ذمہ داری ملنے کے بعد رانا جمعرات کی شام دہلی روانہ ہو گئے۔ وہ دہلی میں پارٹی لیڈروں سے مل سکتے ہیں۔ چرچا ہے کہ رانا کو جلد ہی جموں و کشمیر بی جے پی میں کوئی بڑی ذمہ داری سونپی جائے گی۔
رانا کو جموں و کشمیر سے متعلق ریاست اور دہلی میں بی جے پی کی تمام اہم میٹنگوں میں مدعو کیا جاتا ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے قومی نائب صدر سودان سنگھ کو انتخابی انچارج اور دیویندر سنگھ رانا کو ہماچل پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے الیکشن کم انچارج مقرر کیا ہے۔ تنظیمی تقرری سے متعلق قومی صدر کا یہ حکم بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ ہماچل پردیش میں اسمبلی انتخابات نومبر میں ہونے والے ہیں۔ جموں ڈویژن کی سیاست میں اہم مقام رکھنے والے رانا ایک کامیاب بزنس مین بھی ہیں۔ ان کا کاروبار جموں کشمیر، پنجاب کے ساتھ ہماچل پردیش میں ہے۔
