سری نگر،03ستمبر:
جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ہفتہ کے روز کہا کہ مزارات یعنی درگاہوں،آستانوں اورزیارت گاہوں سے’سیلز مین‘ کے چندہ ڈبے اورپیٹیاں ہٹا دی گئی ہیں،اوراب ان کودوبارہ یہاں نصب کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔انہوںنے کہاکہ کچھ لوگ اس پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کو یہاں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہو ئے ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہا کہ مزارات یعنی درگاہوں،آستانوں اورزیارت گاہوںپر غیر اخلاقی عمل کے بارے میں جاری کردہ حکم نامے کو منسوخ نہیں کیا جا سکتا ۔جموں و کشمیر وقف بورڈ کی خاتون چیئرپرسن نے مزارات یعنی درگاہوں،آستانوں اورزیارت گاہوں پرموجودرہنے والے مجاوروں کو سیلز مین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے عطیہ خانوں اورچندہ بکسوں کو ہٹا دیا گیا ہے، جس سے عقیدت مندوں کو بغیر کسی پریشانی کے ان مزارات پر جانے کی راہ ہموار ہوئی۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے اسبات کااعادہ کیاکہ چندہ بوکس ہٹانے سے متعلق احکامات کو منسوخ نہیں کیا جا سکتا اور اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
انہوںنے کہاکہ اس حکم کے نفاذ کے بعد درگاہوں،آستانوں اورزیارت گاہوںپر حاضری دینے کیلئے آنے والے عقیدت مندوں نے راحت کی سانس لی ہے۔جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے کہاکہ کچھ لوگ اس معاملے پر سیاست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،جوکہ افسوسناک ہے لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ اُن کاکیا مقصد ہے ،اوروہ کیوں اس پابندی سے پریشان ہورہے ہیں ۔(جے کے این ایس )