سرینگر، 07 ستمبر:
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو کہا کہ مقامی لڑکوں میں زبردست صلاحیتوں کی وجہ سے سرینگر کا مرکزی شہر کھیلوں کے چیمپئن کے مرکز کے طور پر تیزی سے ابھر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہاں ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایل جی سنہا نے کہا کہ وہ دن گئے جب سرینگرکے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔انہوں نے کہاآج شہر کے مرکز کے نوجوان قومی سطح پر بھی کھیلوں سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب شہر کے نوجوان بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سرینگر کا مرکز تیزی سے چیمپئن کے مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے کیونکہ اس نے کرکٹ کے علاوہ میراڈونا اور رونالڈو جیسے لڑکے پیدا کیے ہیں۔ سنہا نے کہا کہ ان کی انتظامیہ اسپورٹس کونسل میں گزیٹیڈ اورنان گزیٹڈ کیڈرکوہموارکرے گی اورشہر کے مرکز اور کشمیر کے دیگر حصوں کے لڑکوں کی صلاحیتوں کو تلاش کرنے کی بہترین کوششیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ٹیلنٹ کو فروغ دینے اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے ایک الگ بجٹ رکھا گیا ہے۔
