سری نگر7 ستمبر،:
جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں ایک اسسٹنٹ کمشنر سطح کے افسر کو ایک مخصوص مذہب کے خلاف "قابل اعتراض ریمارکس” کرنے پر معطل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ راجوری کے ضلع مجسٹریٹ وکاس کنڈل نے اسسٹنٹ کمشنر (پنچایت) عبدالرشید کوہلی کے خلاف ان کے ایک ماتحت کی شکایت کے بعد کارروائی کا حکم دیا۔
اطلاعات کے مطابق کنڈل نے منگل کو دیر گئے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا، "اس دفتر کو ایک شکایت ملی ہے کہ اے سی پنچایت نے ایک خاص مذہب کے بارے میں کچھ قابل اعتراض تبصرہ کیا ہے۔”
بتایا جاتا ہے کہ کوہلی نے دفتری اوقات میں اپنے چار ماتحتوں کے ساتھ ریسٹورنٹ میں لنچ کرتے ہوئے یہ ریمارکس دیے۔شکایت کنندہ کا حوالہ دیتے ہوئے، عہدیداروں نے کہا کہ افسر نے مبینہ طور پر قابل اعتراض ریمارکس اس وقت کئے جب ان کے ایک ماتحت نے سبزی خور کھانے کا آرڈر دیا۔
آرڈر کے مطابق، افسر کا طرز عمل نہ صرف سروس کنڈکٹ رولز کی خلاف ورزی تھا، بلکہ کسی اور کمیونٹی کے مذہبی جذبات کو بھی ٹھیس پہنچاتا تھا اور اس سے ضلع میں امن و امان کا مسئلہ پیدا ہونے کا امکان تھا۔ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر پون پریہار کی سربراہی میں ایک کمیٹی معاملے کی جانچ کرے گی اور 15 دنوں کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔(کے این ایس)
