سری نگر،07ستمبر:
جموں وکشمیر بھاجپا یونٹ کے صدر رویندر رینا کا کہنا ہے بی جے پی کا مشن پچاس ضرور کامیاب ہوگا اور جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بھاجپا کی ہی ہوگی۔ انہوں نے پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ جموں وکشمیر میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔
اطلاعات کے مطابق بانڈی پورہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران بی جے پی کے صدر رویندر رینا نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اگلی سرکار بھاجپا کی ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی پچاس نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح سے لوگ بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں اُس سے یہ صاف اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اگلی سرکار ہماری ہی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ جموں کے ساتھ ساتھ کشمیر میں بھی اب لوگ بی جے پی کے ساتھ اپنی وابستگی جتارہے ہیں جو خوش آئند بات ہے۔ اُن کے مطابق بی جے پی سبھی مذاہب کے ماننے والوں کو ساتھ لے کر آنے والی انتخابات میں سبھی نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے حکومت بنائے گی۔ پاکستان پر جموں وکشمیر کے خرمن امن میں آگ لگانے کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہاکہ پاکستان کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ کس طرح سے یہاں کے امن کو درہم برہم کیا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور اُس کے حامیوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں حالات معمول پر آئے ہیں اور اب لوگ بھی پُر امن طور پر اپنی زندگی گزر بسر کر رہے ہیں۔ (یو پی آئی)