سری نگر، 11 ستمبر:
جموں وکشمیرکی گرمائی راجدھانی سری نگر کے جواہر نگر اور راجباغ علاقوں میں ریچھنی کی موجودگی کے بیچ لال منڈی سری نگر میں ریچھ نمودار ہوا جس نے نجی اسکول میں تعینات چوکیدار پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا ہے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر کے لال منڈی علاقے میں اتوار کے روز ریچھ نے ایک شخص کو شدید طورپر زخمی کردیا۔انہوں نے بتایا کہ اتوار کی صبح لال منڈی سری نگر میں نجی اسکول میں بطور چوکیدار تعینات 40 سالہ فیاض احمد بٹ ساکن حبہ کدل پر ریچھ نے حملہ کردیا جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا۔
معلوم ہوا ہے کہ زخمی شخص کو علاج ومعالجہ کی خاطر صدر ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا جہاں پر اُس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔واضح رہے کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب شہر کے پاش علاقے جواہر نگر اور راجباغ میں ریچھنی اور اُس کے بچے کی موجودگی کے بعد سری نگر پولیس نے ایڈائزری جاری کرتے ہوئے کہاکہ لوگ گھروں میں ہی رہے۔
انہوں نے ایڈوئزری میں بتایا کہ ریچھنی اور اُس کے بچے کو راجباغ اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں دیکھا گیا جس کے پیش نظر لوگوں سے تلقین کی جاتی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نہ آئیں۔پولیس نے عوا م الناس سے اپیل کی ہے اگر ریچھ کو کئی پر بھی دیکھا گیا تو اس بارے میں فوری طورپر نزدیکی پولیس تھانے کے ساتھ رابط قائم کریں۔