سری نگر، 9 اکتوبر:
وادی کشمیر میں اتوار کو عی عید میلاد النبیؐ پوری عقیدت،احتشام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ یہ دن پیغمبر اسلام کے یوم ولادت کا دن ہے۔کشمیر میں مختلف مزاروں اور مساجد میں خصوصی مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
سری نگر میں حضرت بل کے مزار پر سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا جہاں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے خصوصی دعائیں کیں اور پیغمبر اسلام ؐکے مقدس آثار کی جھلکیاں دیکھیں۔
ایک اہلکار نےبتایا کہ وادی کے مختلف حصوں سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت منددرگاہ حضرت بل میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے آثار کو دیکھنے کے لیے جمع ہوئے۔جنوبی کشمیر میں ہزاروں لوگوں نے خاص طور پر جامع مسجد ریشی صاحب، خرم سرہامہ، کبا مارگ، دورو اور سیر ہمدان میں مساجد اور درگاہوں میں نماز ادا کی جبکہ شمالی کشمیر میں مختلف مقامات پر میلاد جلوس نکالے گئے۔
دریں اثناء وقف بورڈ کے چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے پہلی بار سرینگر میں نگین کلب سے درگاہ حضرت بل تک میلاد النبی کا جلوس نکالا۔ڈویژنل کمشنر کشمیر پی کے پول نے کہا کہ عقیدت مندوں کی سہولت کے لیے پورے کشمیر میں حضرت بل اور دیگر مزارات پر تمام انتظامات کیے گئے تھے۔
ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ "تمام محکموں بشمول پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ صحت نے ضروری انتظامات کیے تھے۔”دریں اثنا، ٹریفک پولیس نے عید میلاد النبی کے پیش نظر گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے انتظامات کیے تھے۔