سری نگر/سٹیٹ انوسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو ) نے قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) کی خصوصی عدالت میں دو سرگرم ملی ٹینٹوں اور ایک مہلوک جنگجو کے خلاف چارج شیٹ پیش کیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن صورہ میں درج ایف آئی آر زیر نمبر 50کے سلسلے میں ایس آئی یو نے چارج شیٹ پیش کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 24مئی 2022کے روز نامعلوم ملی ٹینٹوں نے پولیس اہلکار سیف اللہ قادری ولد محمد سعید قادری اور اس کی کمسن بچی صفا قادری ساکن ملک صاحب صورہ پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار برسر موقع ہی جاں بحق ہوا جبکہ اس کی بیٹی زخمی ہوئی۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران منکشف ہوا کہ تین ملی ٹینٹوں جن کی شناخت باسط احمد ڈر ولد عبدالرشید ڈار ساکن ریڈونی کیموہ کولگام ، مومن گلزار میر ولد گلزار احمد میر ساکن فردو س کالونی عید گاہ سری نگر اور عادل احمد پرے ولد حبیب اللہ پرے ساکن بدرا گنڈ گاندربل اس حملے میں براہ راست ملوث ہیں۔
علاوہ ازیں حملے کے دوران استعمال میں لائی گئی ایک سکوٹی زیر نمبر JKO2CB-1268کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
مذکورہ تین ملی ٹینٹوں میں سے ایک عادل احمد پرے 12جون 2022کے روز سنگم سری نگر میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اہلکار پر حملے میں ملوث دو ملی ٹینٹ ابھی بھی سرگرم ہیں اور وہ لشکر طیبہ اور ٹی آر ایف کے لئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس کیس کی 173کے تحت تحقیقات جاری رہے گی۔
