سری نگر، 18 جون:
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ شری امرناتھ جی یاترا انسانی بہبودی اور معاشرے کے تمام طبقوں کی ترقی کی علامت ہے انہوں نے کہا کہ مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع بھی اس یاترا کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار اتوار کے روز ریڈیو پروگرام ‘عوام کی آواز’ کے دوران کیا انہوں نے کہا: ‘شری امر ناتھ جی یاترا یکم جولائی سے شروع ہو رہی ہے یہ یاترا انسانی بہبودی اور معاشرے کے تمام طبقوں کی ترقی کی علامت ہے ‘۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع بھی اس یاترا کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔
مسٹر سنہا نے کہا کہ عرصہ دراز سے پورا معاشرہ اور تمام مسلکوں سے وابستہ لوگ یک جٹ ہو کر ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے یاتریوں کا استقبال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کی بھر پور شرکت یقینی طور پر اس سال کی یاترا اور ثقافت و روحانیت کے تہوار کو کامیاب بنائے گی۔ان کا کہنا تھا: ‘میں ماہ گذشتہ سری نگر میں منعقد ہونے والے کامیاب جی ٹونٹی سربراہی اجلاس کے لئے جموں وکشمیر کے لوگوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں’۔انہوں نے کہا” ‘ہمیں سیاحت کے فروغ کے لئے خاص طور نوجوانوں کی طرف سے زبردست رد عمل ملا ہے’۔