جموں، 6جولائی:جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج میں تعینات پرنسپل ڈاکٹر ششی سودھن کے دفتر اور گھر پر کرائم برانچ نے چھاپہ مارا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پرنسپل پر الزام ہے کہ اس نے تاریخ پیدائش میں قلم زنی کی ہے جس کے بعد کرائم برانچ نے اس ضمن میں باضابط طورپر کیس درج کیا ۔
اطلاعات کے مطابق کرائم برانچ جموں میں مقامی شہری نے شکایت درج کی کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں تعینات پرنسپل ڈاکٹر ششی سودھن نے تاریخ پیدائش میں قلم زنی کی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ کرائم برانچ نے ابتدائی تحقیقات شروع کی جس دوران منکشف ہوا کہ واقعی میں پرنسپل نے اپنی تاریخ پیدائش کو غلط ظاہر کیا جس کے بعد پرنسپل کے خلاف باضابط طور پر 420,465,467,468,120دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا جبکہ کرپشن ایکٹ سیکشن 5کے تحت بھی تحقیقات شروع کی گئی ۔
نامہ نگار نے بتایا کہ جمعرات کے روز کرائم برانچ کی مختلف ٹیموں نے پرنسپل ڈاکٹر ششی سودھن کے دفتر اور گھرواقع بخشی نگر جموں میں چھاپہ مارا اور وہاں پر کئی گھنٹوں تک تلاشی لی۔
انہوں نے بتایا کہ کرائم برانچ کے ہمراہ جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکار بھی موجود تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ پرنسپل کی پوسٹ حاصل کرنے کی خاطر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کی پرنسپل نے تاریخ پیدائش میں قلم زنی کی جس کے بعد معاملہ کرائم برانچ کی نوٹس میں لایا گیا ۔