قاضی گنڈ، 6 جولائی: ایس ایس پی اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس راجکمار نے جمعرات کے روز بتایا کہ قاضی گنڈ میں منشیات سمگلنگ کے ایک نیٹ ورک میں شامل دو منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیا کے 35 پیکٹ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس نے سمپورہ قاضی گنڈ میں انوا گاڑی زیر نمبر PB-08 CP 0517کو روک اس کی تلاشی لی جس دوران 35پیکٹ خشخاش کے برآمد کئے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار دو منشیات فروش جن کی شناخت امندیپ سنگھ اور منوہر سنگھ ساکنان گرداس پور پنجاب کے بطور ہوئی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
ان کے مطابق گرفتار شدگان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہیں اور اس ضمن میں مزید گرفتاریوں کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ منشیات فروشوں کا کن لوگوں کے ساتھ رابطے تھے اس کی بھی تحقیقات شروع کی گئی اور جو کوئی بھی ملوث ہوگا اس کی جائیداد قرق کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پچھلے ایک ماہ کے دوران پانچ کلوگرام چرس، دو سو کوڈین بوتلیں، نو سو نشہ آور کپشول اور ہیروئن بھی برآمد کی گئی ہے۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو منشیات فروشوں کے بارے میں پولیس کو جانکاری فراہم کرنی چاہئے تاکہ اس گورکھ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ منشیات فروشی سماج کے لئے ناسور بن چکی ہے لہذا اس کا قلع قمع کرنے کی خاطر سب کو آگے آنا چاہئے۔