سری نگر/06 ؍جولائی:
اِنتظامی کونسل کی آج یہاں ایک میٹنگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں پبلک گریوینس ڈیپارٹمنٹ کو ایک علاحدہ اِنتظامی محکمہ کے طور پرقائم کرنے کی منظوری دی۔
میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری مندیپ کمار بھنڈاری نے شرکت کی۔
اِس سے قبل ’’ عوامی شکایات کا اَزالہ‘‘ ایڈمنسٹریٹیو ریفارمز ، انسپکشن ، ٹریننگ اینڈ گریوینس ڈیپارٹمنٹ کو تفویض کیا گیا تھا۔
یہ اِنتظامی اِصلاحاتی اقدام حکومت کے اس عزم کے مطابق ہے جس میں اِی ۔گورننس سے شکایات کے ازالے کی اختراعات پر زور دینے اور شہریوں پر مرکوز گورننس کے فروغ کا تصور کیا گیا ہے۔ یہ متاثرہ اَفراد کے لئے بہتر نتائج ، بہتر اِنتظامیہ اور معیاری عوامی شکایات کو یقینی بنائے گا اور اِس طرح سرکاری کا م کاج میں بہتری آئے گی۔