سری نگر،10جولائی: کئی دنوں پر محیط بارشوں کے مرحلے،جس سے وادی میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، کے بعد محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس دوران شام کے وقت ہلکی بارشیں متوقع ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 11 سے 14 جولائی تک موسم مجموعی طور پر خشک رہ سکتا ہے اور اس دوران بارشوں کے مختصر مرحلے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 15 سے 24 جولائی تک ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے جس کے 70 فیصد امکانات ہیں۔
دریں اثنا خراب موسمی صورتحال کے بیچ وادی میں شبانہ درجہ حرارت معمول سے نیچے ریکارڈ ہوا ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت17.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے0.9 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.8 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 10.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت15.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے1.4 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے2.0 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔
