سری نگر، 10جولائی:مغل روڈ پر اتوار کی شام کو پیش آئے ایک دلدوز سڑک حادثے میں جاں بحق ہوئے ڈائریکٹر فائنانس اور اس کے بیٹے کی لاشیں پیر کے روز برآمد کی گئیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اتوار کی شام کو کشمیر سے سرنکوٹ کی طرف جار ہی ایک سوفٹ گاڑی زیر نمبر (JK02BD-4635) پانار پل کے نزدیک لڑھک کر گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں اس میں سوار ایک ہی کنبے کے تین افراد کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ ایک کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
متوفین کی شناخت ڈائریکٹر فائنانس، فاریسٹ ایکولوجی اور انورنمنٹ ڈپارٹمنٹ رنبیر سنگھ بالی، اس کی بیوی پرویندر کور اور اس کے بیٹے اروان سنگھ کے بطور ہوئی ہے جبکہ بیٹی جس کی پہچان مہرین کور کے بطور کی گئی ہے کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پرویندر کور کی لاش اتوار کے روز ہی باز یاب کی گئی لیکن بالی اور ارون سنگھ کی لاشیں فوری طورپر برآمد نہیں کی جاسکی۔
معلوم ہوا ہے کہ پیر کی صبح ایس ڈی آر ایف ، ڈی آئی جی پونچھ اور فوج جوانوں کی سخت محںت کے بعد دونوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔
دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے مغل روڈ حادثے میں ڈائریکٹر فائنانس ، اُن کی اہلیہ اور بیٹے کی موت واقع ہونے پر رنج وغم کا ظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایک تعزیتی پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا: "پونچھ میں المناک سڑک حادثے میں محکمہ خزانہ، جنگلات اور ماحولیات کے ڈائریکٹر رنبیر سنگھ بالی، ان کی اہلیہ اور بیٹے کی موت سے انتہائی دکھ ہوا ہے۔ سوگوار خاندان کے افراد سے میری دلی تعزیت ہے۔“
انہوں نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ سوگوار خاندان کو تمام ضروری مدد فراہم کریں۔
