جموں،31جولائی:
بارڈر سیکورٹی فورس(بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے جموں ضلع کے ارینا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنا کر درانداز کو گولی مار کر ہلاک کردیا ۔
بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ارینا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جبوال بارڈر آوٹ پوسٹ کے نزدیک اتوار اور پیر کی درمیانی شب بی ایس ایف اہلکاروں نے ایک مشکوک نقل و حمل دیکھی۔
انہوں نے کہا :’ جب مشتبہ درانداز نے مسلسل وارننگز کی طرف توجہ نہیں دی تو بی ایس ایف جوانوں نے گولی چلائی جس کے نتیجے میں ایک درانداز کی برسر موقع ہی موت واقع ہوگئی جس کے بعد علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا‘۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ مہلوک درانداز کی لاش برآمد کرکے اس کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔
